بغیر اجازت حج کرنے پر20ہزار ریال جرمانہ

جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزارت داخلہ نے حج قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت سزائوں، جرمانوں کا اعلان کر دیا۔ بغیر اجازت حج کرنے یا کوشش کی صورت میں 20ہزار ریال تک جرمانہ ہو گا، حج موسم کے دوران مکہ یا مقدس مقامات میں وزٹ ویزے کے ساتھ داخل ہونے کی صورت میں 20ہزار ریال تک جرمانہ ہو گا۔ وزٹ ویزہ ہولڈرز کو مخصوص حج زون میں داخلے کیلئے ٹرانسپورٹ یا مدد فراہم کرنے والے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ غیر مجاز زائرین کو ہوٹل یا نجی گھروں میں رہائش فراہم کرنے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جائے گا۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں، سہولت کاروں کو ڈی پورٹ اور 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ زائرین کی غیر قانونی نقل و حمل کی صورت میں گاڑی ضبط کی جاسکتی ہے۔ جرمانہ یا سزا کے خلاف 30روز کے اندر اپیل اور 60روز عدالت کے اندر درخواست دائر کی جاسکے گی۔ قوانین اور سزائوں کا اطلاق یکم ذی القعدہ سے 14ذو الحجہ تک ہوگا۔دریں ثنائ۔اسلام آباد (بیوروچیف) اس بار حج انتظامات سابقہ ادوار سے بالکل مختلف ہوں گے اور آپ کو اس کا فرق واضح نظر آئے گا، میں خود جلد سعودی عرب جاکر حج انتظامات کا جائزہ لوں گا،ان خیالات کا
اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج اس مقام پر موجود ہونا میرے لیے فخر کا مقام اور انتہائی اعزاز کی بات ہے، آج ہم اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ان کے مہمانوں کو حج پرواز کے ذریعے حجاز مقدس روانگی کے لئے الوداع کر رہے ہیں، عازمین حج حجاز مقدس میں اللہ کے مہمان اور پاکستان کے سفیر بن کر جا رہے ہیں، سعودی قوانین اور ثقافت کا خیال رکھیں، سعودی عرب میں پاکستانی حجاج کرام کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے درمیان موجود رہ کر ان کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام بروئے کار لائوں گا،سعودی حکومت نے مجھے وی آئی پی حج کی سہولیات دینے کا کہا لیکن میں نے اپنے ملک کے حجاج کرام میں رہنے کو ترجیح دی،محدود وسائل کے باوجود کوشش کی کہ عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں، میں حج آپریشن اور انتظامات کی بذات خود نگرانی کروں گا اور مسائل کی نشاندہی پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کروں گا،ہر حاجی کو سم دی جارہی ہے، جس میں اپلیکیشن موجود ہے،منیٰ میں راستہ بھولنے کی صورت میں ایپ کی مدد سے رہنمائی لی جا سکے گی،حاجیوں سے درخواست ہے کہ وہ وہاں جاکر ملکی سلامتی کیلئے دعا کریں کیونکہ دعائیں بہت سے راستے کھول دیتی ہیں،اللہ کے حضور جہاں اپنے اور اپنے عزیز و اقارب کے لئے دعا کریں گے وہاں خصوصی طور پر عالم اسلام بالخصوص پاکستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعا کریں، اس سال اسلام آباد اور کراچی سے 50ہزار سے زائد عازمین روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت حج کی ادائیگی کیلئے جائیں گے،انہوں نے مزید کہا کہ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت عازمین کی امیگریشن کا تمام عمل پاکستان میں مکمل کیا جائے گا، کوشش ہوگی ہے آئندہ سال پاکستان کے مزید شہروں سے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے، بہترین انتظامات پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا شکر گزار ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں