بلال روڈ سگنلز تا میاں ٹرسٹ ہسپتال روڈ،ٹھیکیدار سیوریج پائپ کا کام ادھورا چھوڑ کر غائب

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) دو ماہ گزر گئے، ٹھیکیدار بلال روڈ سگنلز چوک سے میاں ٹرسٹ ہسپتال روڈ پر سیوریج کے پائپ چھوڑ کر غائب ہو گیا، ٹریفک کے بہائو میں تعطل اور ارشد سنٹر کا پارکنگ نظام درہم برہم ہو گیا، ضلعی انتظامیہ نے چپ سادھ رکھی ہے۔ تفصیل کے مطابق ٹھیکیدار سیوریج پائپ لائن ڈالنے کیلئے سرگودھا روڈ پر بلال چوک سگنلز چوک سے لیکر میاں ٹرسٹ ہسپتال لاری اڈا گیٹ تک بڑے بڑے پائپ چھوڑ کر غائب ہو گیا۔ سڑک کنارے پڑے پائپ کی وجہ سے ٹریفک کے بہائو کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔ اکثر اوقات ٹریفک بلاک رہتی ہے۔ ارشد سنٹر’ میاں ٹرسٹ مارکیٹ کے باہر پائپوں کی وجہ سے پارکنگ بھی ختم ہو چکی ہے۔ جس کے باعث ارشد سنٹر’ میاں ٹرسٹ مارکیٹ کے تاجروں کے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ سرگودھا روڈ ارشد سنٹر’ میاں ٹرسٹ مارکیٹ کے تاجروں نے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کنارے پڑے بڑے بڑے پائپوں کو فی الفور اٹھوایا جائے اور نااہل ٹھیکیدار کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں