بلدیاتی الیکشن کے لئے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان

لاہور (بیوروچیف) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں طویل عرصے سے مخر ہوتے آرہے بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات دسمبر25ء کے آخری ہفتے میں کرائے جائیں گے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت مکمل کرنے کے بعد محفوظ فیصلہ جاری کیا۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات 2002 کے بلدیاتی قانون کے تحت کرائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو دو ماہ میں حلقہ بندیاں مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔الیکشن کمیشن کے فیصلے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بلدیاتی حلقہ بندیوں پر فوری طور پر کام شروع کردیا گیا ہے تاکہ انتخابات مقررہ وقت پر منعقد ہوسکیں۔سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیے تھے کہ اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونا ہمارے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔ الزامات الیکشن کمیشن پر آرہے ہیں، لہذا اب ہم فیصلہ سنائیں گے۔پنجاب حکومت کے اسپیشل سیکریٹری برائے بلدیات کمیشن کے روبرو پیش ہوئے اور صوبائی حکومت کی جانب سے قانون سازی میں تاخیر کی وجوہات بیان کیں۔ تاہم الیکشن کمیشن نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔خیال رہے کہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی مدت سال 2021 میں ختم ہوگئی تھی، جس کے بعد اب تک انتخابات نہیں ہوسکے۔سیکریٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس میں بتایا کہ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے قوانین میں اب تک 5 مرتبہ ترامیم کی جاچکی ہیں، جبکہ الیکشن کمیشن 3 مرتبہ حلقہ بندیاں مکمل کرچکا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ادارہ بارہا صوبائی حکومت کو مراسلے بھجوا چکا ہے اور متعدد اجلاس بھی منعقد کیے جاچکے ہیں، مگر قانون سازی کے فقدان کی وجہ سے الیکشن تاخیر کا شکار ہوتے رہے۔فیصلے کے مطابق، پنجاب کے بلدیاتی انتخابات اب ہر حال میں دسمبر 2025 کے آخری ہفتے میں کرائے جائیں گے تاکہ صوبے میں مقامی حکومتوں کا نظام دوبارہ فعال ہوسکے۔دریں اثنائ۔فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)الیکشن کمیشن نے فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے لئے حلقہ بندیاں کروانے کا شیڈول جاری کرد یا۔ فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ‘اسسٹنٹ الیکشن کمشنر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔مذکورہ کمیٹی 12اکتوبر کو حد بندی جبکہ 13سے 18اکتوبر تک حلقہ بندیاں کرے گی۔جس کے بعد 2سے 16نومبر تک حلقہ بندیوں پراعترضات دائر ہوں گے جس کی سماعت مکمل ہونے پر 8دسمبر تک حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کی روشنی میں پنجاب کے دیگر علاقوں کی طرح فیصل آباد میں بھی بلدیاتی نمائندوں نے سیاسی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ سیاسی ڈیرے آباد ہوتے ہی عوامی جوش و خروش بڑھ گیا ہے۔ووٹرز بھی الیکشن ہونے پر خوش نظر آرہے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں