بلدیاتی نظام مسائل کے حل کا ذریعہ ہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماںبٹ نے کہا ہے کہ اختیارات اور مراعات پر قبضے کیلئے پنجاب کو بلدیاتی نظام سے محروم رکھا گیا ہے۔ جماعت اسلامی عوامی کمیٹیو ں کے ذریعے بلدیاتی نظام کی کمی کو پورا کرے گی ۔سرکاری محکمو ں میں عام آدمی کے جائز مسائل کی شنوائی کو یقینی بنایا جائے گا۔عوامی کمیٹیاں ہرمحلے، گلی، تھانہ، کچہری، نوجوانوں اور بے روزگار افراد کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گی۔بلدیاتی نظام بنیادی مسائل کے حل کا ذریعہ ہے مگر پنجاب میں گزشتہ 10 برس سے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے۔ المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیںاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان کی سیاست اور ریاست کے نظام کو بحرانوں سے بجات کیلئے عوامی سطح پر بڑی تحریک اور عوامی منظر جدوجہد کی ضرورت ہے۔ عوامی کمیٹیوں کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کیلئے گراس رُوٹ لیول سے ملک گیر منظم آواز بلند کی جائے گی۔ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں عوامی حقوقِ کی تحریک آگے بڑھے گی۔جماعت اسلامی پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو موروثی سیاست، کرپشن اور ظلم کے نظام کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے۔مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے،پیٹر ول ڈالوانے پر لیوی ٹیکس کے ناکردہ گناہ کا جرمانہ ادا کرتے ہیں، عوام کا کتنا خون نچوڑا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں کیلئے حافظ نعیم الرحمن کے پیش کردہ وژن اور”بنو قابل پروگرام” کے تحت آئی ٹی ٹریننگ کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل مایوسی، بے راہ روی اور بے روزگاری کا شکار ہو چکی ہے، جماعت اسلامی ان کیلئے عملی راہ فراہم کرے گی۔ممبرز کمیٹیاں مقامی مسائل کا حل عوام کے دروازے پر مہیا کریں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں