بلندو بالا عمارت میں فائر سیفٹی انتظامات میں معمولی خلا بھی برداشت نہیں،کمشنر جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرڈویژنل انتظا میہ روزانہ کی بنیاد پر بلند وبالا عمارات میں فائر سیفٹی انتظامات کی چیکنگ کیلئے فیلڈ میں سرگرم ہے۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بلال روڈ پر ستارہ ٹاور،ایم ٹی ایم عمارات اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی بلڈنگ کا دورہ کیا۔انہوں نے ستارہ ٹاور اور ایم ٹی ایم ٹاور کی بیسمنٹ میں آگ بجھانے والے آلات کے ساتھ موٹر سائیکلز اور گاڑیوں کی پارکنگ پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسی جگہوں کو نو پارکنگ زون بنائیں۔انہوں نے آگ بجھانے والے آلات کی تاریخ تنسیخ چیک کی اوراپنی نگرانی میں پانی چلوا کر دیکھا۔ انہوں نے ہنگامی راستوں کی موجودگی چیک اور فوری راستے تیار کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ بلند وبالا عمارات میں فائر سیفٹی انتظامات میں معمولی سا بھی خلا برداشت نہیں۔بلڈنگز مالکان ایس اوپیز پرعملدرآمد یقینی بنائیں،کمی کی صورت میں کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی۔کمشنر نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی بلڈنگ کا دورہ بھی کیا اورآگ بجھانے والے آلات کی دستیابی،فعال ہونے اور تاریخ تنسیخ چیک کی۔انہوں نے ہنگامی راستے دیکھے جبکہ واٹر وائر کے فنکشنل ہونے کی تصدیق کی۔انہوں نے بینک میں فائر سیفٹی انتظامات کو چوکس بنانے کے لئے موقع پر ہدایات جاری کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں