55

بوائلر میں گرنے سے مزدور زندہ جل گیا ، ساتھی کی گولی لگنے سے ڈاکو زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ راجہ غلام رسول نگر کی ڈائنگ فیکٹری میں بوائلر میں لکڑیاں ڈالتے ہوئے محنت کش مشین کی زد میں آ کر زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ ہارون آباد کا رہائشی 48 سالہ محمد افضل راجہ غلام رسول نگر میں واقع ماسٹر ڈائنگ فیکٹری میں کام کرتا تھا، آج علی الصبح بوائلر میں آگ جلانے کیلئے لکڑیاں وغیرہ ڈال رہے تھے کہ وہ بوائلر کی بھٹی کے اندر چلا گیا اور مشین کی زد میں آ کر موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر باپ بیٹے کو گولیاں مار کر لہولہان کر دیا، جبکہ اپنے ڈاکو کی فائرنگ سے گولی لگنے سے اسکا اپنا ساتھی ڈاکو بھی بری طرح زخمی ہو گیا، ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمی باپ بیٹے اور ڈاکو کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے الائیڈ ہسپتال داخل کروا دیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر فرار ہونیوالے ڈاکو کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح غلام محمد آباد کے علاقہ نڑوالا روڈ 79 موڑ پر واقع مدینہ چکن شاپ پر دو مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر سب کچھ حوالے کرنے کو کہا تو مدینہ چکن شاپ کے مالک 33 سالہ بلال ولد افضل نے مزاحمت کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھی نے فائر کھول دیا اور گولیاں لگنے سے 33سالہ بلال ولد افضل اور اس کا والد 64 سالہ افضل ولد غلام رسول بری طرح زخمی ہو گئے تو اس دوران ڈاکو کی گولی لگنے سے اس کا اپنا ساتھی بھی بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا تو فائرنگ کرنے والا ڈاکو موقع سے فرار ہو گیا، فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ بھی موقع پر جمع ہو گئے۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، ریسکیو1122 نے زخمی ہونے والے باپ بیٹا اور ڈاکو کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے الائیڈ ہسپتال پہنچا دیا۔ واردات میں زخمی ہونے والے ڈاکو کی شناخت کاشف ولد یٰسین سکنہ مانانوالہ کے نام سے ہوئی، پولیس نے زخمی ڈاکو کو اسلحہ سمیت حراست میں لیکر بازپرس کرتے ہوئے فرار ہونیوالے ڈاکو کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں