1

بچوں میں چھپے ٹیلنٹ کو اُجاگر کرناچاہیے’وقار احمد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے سائنس،ٹیکنالوجی، انجینئرنگ ، آرٹس اورمیتھیمیٹکس (STEAM)کی تعلیم کو فروغ دینے کے ویژن کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول پیپلز کالونی نمبر1میں ڈسٹرکٹ لیول پر STENکے مقابلہ جات کا انعقاد کرایا۔بوائز اور گرلز سکولوں کی جانب سے جدید پراجیکٹس اور ماڈلز پیش کئے گئے۔ ایک جیوری پینل نے تین فاتحوں کا میرٹ پر انتخاب کیاجس میں گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول پیپلز کالونی نمبر 1فیصل آباد نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے تعریفی سرٹیفکیٹ اور 30000روپے کا نقد کیش انعام حاصل کیا۔ اسی طرح گورنمنٹ ایگرو ٹیکنیکل ہائی سکول 226 ر۔ب فیصل آباد نے دوئم پوزیشن حاصل کر کے تعریفی سرٹیفکیٹ اور 20000 روپے کا نقد کیش انعام حاصل کیا جبکہ گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول سوساں روڈ فیصل آباد نے سوئم پوزیشن حاصل کرتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور 10000روپے کا نقد کیش انعام حاصل کیا۔ سی ای او ایجوکیشن وقار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مقابلہ جات میں سکولوں کے طلبا و طالبات کے درمیان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنے فن کا بھر پور مظاہرہ کرنے کا موقع دیا گیا۔طلبا و طالبات نے سائنسی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف ایجادات پیش کیں۔حکومتی سطح پر اس طرح کے پروگرام کا انعقاد بچوں میں چھپے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے جو احسن اقدام ہے۔انہوں نے طلبا و طالبات کے شاندار پراجیکٹس کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے اختراعی خیالات اور تخلیقی صلاحیتیں ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔ تقریب میں محکمہ تعلیم کے افسران،پرنسپلز، اساتذہ، طلبا و طالبات، الیکٹرونک اینڈ پرنٹ میڈیا کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے کثیر ممبران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں