بچیانہ میں پولیس ناکوں پر شہریوں کی مبینہ تذلیل کا سلسلہ جاری

جڑانوالہ (نامہ نگار) بچیانہ شہر میں پولیس ناکے پر شہریوں کی مبینہ تذلیل کا سلسلہ جاری، شہری پولیس کے ناروا سلوک پر نالاں ، پولیس اشتہاریوں کیخلاف آپریشن میں ہم شریف شہر یو ں کو ذلیل و خوار کرنے کا سلسلہ فوری بند کر ے ، شہریوں کی اعلیٰ حکام سے اپیل۔ تفصیلا ت کے مطابق بچیانہ پولیس نے اشتہاری ملزمان کیخلا ف سرچ آپریشن کے نام پر روزانہ کی بنیاد پر میلاد چوک بچیانہ میں موبائل وین کھڑی کرکے ناکہ لگایا ہوتا ہے جہاں ہر آنے اور جانیوالے شہریوں کو روک کر ان سے شناختی کارڈز وغیرہ کی بابت پوچھ گچھ کی جاتی ہے اور جس کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہوتا اس کو سر عام تضحیک کا نشانہ بنایا جاتا ہے جبکہ ناکے پر مبینہ طور پر لمبی دیہاڑیاں لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔میلاد چوک کے اطراف میں رہنے والے شہریوں کو کام کے سلسلہ میں میلاد چوک طرف بار بار چکر لگانے پڑتے ہیں اور انہیں ہر چکر میں پولیس ناکہ پر روک کر اپنی شناخت کروانا پڑتی ہے جبکہ اس کے برعکس مین اور لنک روڈز پر پولیس کا گشت نہ ہونے کے برابر ہے۔پولیس کی روڈز پر گشت کی بابت عدم توجہی کے باعث گذشتہ روز بھی دن دیہاڑے ڈاکوئوں نے متعدد راہگیروں کو لوٹ لیا تھا۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس ناکے پر بچیانہ کے شہریوں کی تذلیل کا سلسلہ روک کر ایک مرتبہ بچیانہ شہر کا سرچ آپریشن کر لیا جائے تو بہتر ہو گا نہ کہ روزانہ کی بنیاد پر شہریوں اپنے عتاب کا نشانہ بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں