بڑے نالوں کی بحالی تعمیر و مرمت،سیوریج کے موثر ٹریٹمنٹ کیلئے بڑے منصوبے پر پیشرفت

لاہور(بیورو چیف)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں بڑے نالوں کی بحالی، تعمیر و مرمت اور سیوریج کے مؤثر ٹریٹمنٹ کے لیے اپنی نوعیت کے سب سے بڑے میگا منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت ہڈیارہ ڈرین سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیوریج ٹریٹمنٹ، فلوٹنگ ویٹ لینڈ ٹیکنالوجی، صنعتی اخراج کی مانیٹرنگ، اور واٹر کوالٹی مینجمنٹ کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے سب سے بڑے سیوریج اور ڈرین بحالی منصوبے کو جامع میگا ایکشن پلان کے تحت سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کا حصہ بنانے کی ہدایت جاری کی ہے، جس میں بالخصوص راوی اور چناب بیسن کے نالوں کی بحالی کو ترجیح دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو تین ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے اور نئی ہاؤسنگ سکیموں کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ واضح کیا گیا کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے بغیر کسی ہاؤسنگ سوسائٹی کو این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں ہڈیارہ ڈرین میں روزانہ 50 کروڑ گیلن سیوریج کے ٹریٹمنٹ اور فلوٹنگ ویٹ لینڈز کے قیام کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہڈیارہ میں سالڈ ویسٹ کلیئرنس کا مؤثر میکنزم فعال ہو چکا ہے اور 30 کلومیٹر میں سے 10 کلومیٹر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں