بھائی نے بھائی،سسرالیوں نے بہو،مشتعل افراد نے مخالف کو مار ڈالا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران مختلف واقعات کے دوران بھائی کے ہاتھوں بھائی’ سسرالیوں نے بہو اور مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مخالفین کو مار ڈالا’ مدینہ ٹائون میں گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی’ سالی اور بیٹی کو گولیاں مار کر خودکشی کر لی’ پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ ڈوگر بستی میں معمولی جھگڑے پر مشتعل ملزم سہیل عرف سنی نے فائرنگ کر کے عامر نعیم کو بری طرح زخمی کر دیا۔ مضروب کا باپ محمد نعیم اس کو چھڑانے کیلئے آیا تو ملزم نے گولی مار کر محمد نعیم کو بھی زخمی کر دیا، جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال لایا گیا جہاں پر عامر نعیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ دائود چوک میں گھریلو جھگڑے پر مشتعل نوجوان راجہ کاشف نے اپنی بیوی 25سالہ زنیرہ’ 27سالہ سالی فائزہ دختر یونس اور اپنی 6سالہ بیٹی میرب کو گولیاں مارنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی، راجہ کاشف اور اسکی 6سالہ بیٹی میرب موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ اسکی اہلیہ اور سالی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ تھانہ لنڈیانوالہ کے علاقہ 422 گ ب میں شاہد نے اپنی بھابھی سے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات قائم کر رکھے تھے جس کا علم ہونے پر امجد نے بھائی کو بری حرکات اور رشتوں کے تقدس کو پامال کرنے سے روکا تو ملزم شاہد نے فائرنگ کر کے بھائی محمد امجد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ نواحی گائوں 609 گ ب کی رہائشی شمع بی بی کا کہنا ہے کہ اس کی بیٹی شازیہ بی بی کی شادی اظہر حسین سے ہوئی وہ اپنی بیٹی کو عید کے کپڑے دینے اس کے گھر ٹھٹھہ بیگ گئی جہاں پر داماد اظہر حسین نے اسے گھر والوں سے ملکر شازیہ بی بی کو تشدد کر رہے تھے۔ تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں وہ دم توڑ گئی۔ علاوہ ازیں تھانہ بچیانہ کے علاقہ 656 گ ب میں نامعلوم افراد نے 53سالہ امجد ولد شفیع کو زہر دیکر مار ڈالا۔ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں