بھائی نے بہن،نامعلوم افراد نے شہری کو قتل کردیا،ماں سے جھگڑ کر لڑکی کی خودکشی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ17سالہ لڑکی نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ پولیس نے لواحقین کی جانب سے قانونی کارروائی نہ کرانے پر ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈجکوٹ کے علاقہ 269 رب کی رہائشی 17سالہ لڑکی عروج فاطمہ دختر جبارکا کسی بات پر ماں سے جھگڑا ہو گیا تو والدین نے بیٹی کی سرزنش کی تو اس نے دل برداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔ جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئی، تاہم پولیس نے نعش کو قبضہ میں لیا تو لواحقین کی جانب سے کسی قسم کی قانونی کاروائی نہ کروانے کی یقین دہانی پر نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔دریں اثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معمولی جھگڑے پر مشتعل افراد نے چھریوں کے وار کر کے نوجوان کو قتل جبکہ گھریلو جھگڑے پر بھائی نے فائرنگ کر کے بہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ علامہ اقبال کالونی میں معمولی جھگڑے پر مشتعل ملزمان نے چھریوں کے وار کر کے رمضان ولد ہدایت کو بری طرح زخمی کر دیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا۔ جبکہ تاندلیانوالہ کے علاقہ 416 گ ب کی رہائشی راحیلہ بی بی کا کسی بات پر بھائی صادق سے جھگڑا ہو گیا جس پر ملزم صادق نے طیش میں آ کر فائرنگ کر کے ہمشیرہ کو بری طرح لہولہان کر کے فرار ہو گیا، مضروبہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں