ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 25 دسمبر ( قائداعظم ڈے اور کرسمس) اور نیو ایئر کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح، علمائے کرام، مسیحی رہنماوں، شہری تنظیمو ں کے نمائندوں، اور متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے درمیان بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دینے کے لیے تمام مکاتب فکر کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے بتایا کہ 25 دسمبر اور نیو ایئر پر چرچز، عبادت گاہوں، اور عوامی مقامات پر سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ امن کمیٹی کے اراکین کو عوام میں شعور اجاگر کرنے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی۔
2