بھارتی اوپنر ابھیشک شرما کی انگلینڈ کیخلاف جارحانہ سنچری

ممبئی (سپورٹس نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر ابھیشیک شرما نے انگلینڈ کیخلاف پانچویں اور آخری ٹی 20میچ میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی اور کئی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ گزشتہ روز ممبئی میں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچواں اور سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا گیا، میزبان ٹیم نے میچ میں 150رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز بھی 1-4 سے اپنے نام کر لی۔ بھارت نے انگلینڈ کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں پر 247رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، جس میں نوجوان اوپنر ابھیشیک شرما نے ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔ابھیشیک شرما نے 37گیندوں پر دھواں دھار سنچری اسکور کی اور مجموعی طور پر 54گیندوں پر 13چھکوں اور 7چوکوں کی مدد سے 135رنز بنائے۔ابھیشیک نے بھارت کی جانب سے ٹی 20انٹرنیشنل میں دوسری تیز ترین سنچری اسکور کی، اس سے قبل روہت شرما نے 35گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔انگلینڈ کیخلاف 135رنز کی اننگز کی بدولت ابھیشیک شرما بھارت کی جانب سے ٹی 20انٹرنیشنل میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے والے کھلاڑی بن گئے، اس سے قبل یہ ریکارڈ شبمن گل کے پاس تھا جنہوں نے 126رنز کی اننگز کھیلی۔انگلینڈ کیخلاف 13چھکے مارنے والے ابھیشیک شرما نے ٹی 20انٹرنیشنل میچ میں بھارت کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔بھارتی ٹیم کے 247رنز کے جواب میں انگلش ٹیم 11ویں اوور میں صرف 97رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں