بھارتی حملوں میں شہید و زخمی شہریوں کیلئے فنڈز جاری

لاہور (بیوروچیف) حکومت پنجاب نے بھارت کے بزدلانہ حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے شہریوں کے لیے امدادی پیکیج کے تحت 14اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو امدادی فنڈز جاری کر دیے، شہداء اور زخمیوں کے لیے امدادی پیکیج کی منظوری وزیراعظم پاکستان نے دی۔ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے بھارتی حملوں میں شہید افراد کے ورثا اور زخمی شہریوں میں فنڈز کی تقسیم کے لیے ضابطہ رقم جاری کر دی۔ 34کروڑ 30 لاکھ روپے کی امدادی رقم ڈپٹی کمشنرز کے آسان اسائنمنٹ اکائونٹس میں منتقل کی گئی، فنڈز کو 3درجوں شہدا، شدید زخمی اور معمولی زخمی میں تقسیم کیا گیا ہے۔شہدا کے ورثا کو ایک کروڑ روپے امداد دی جائے گی جبکہ شدید زخمی شہریوں کو 20 لاکھ جبکہ معمولی زخمی کو 10 لاکھ امداد ملے گی۔حکومت نے امدادی رقم کو جائز حقداروں تک شفاف انداز میں پہنچانے کی ہدایت کی ہے، اس امر کو یقینی بنانے کے لیے فنڈز کی تقسیم سے قبل ہر وصول کنندہ کی اہلیت کی تصدیق کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنرز اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے کہ امدادی رقم جائز حقدار اور شہدا کے حقیقی لواحقین میں تقسیم ہو، شہدا کے قانونی ورثا کے علاوہ کسی تیسرے فریق کو ادائیگی نہ کی جائے، شہدا اور زخمیوں کی تفصیلات اور چیک کی تقسیم کے ثبوت سرکاری ریکارڈ میں محفوظ کیے جائیں۔صوبائی حکومت نے ہدایت دی ہے کہ متاثرین اور سوگوار خاندانوں کی تمام ذاتی معلومات مکمل رازداری سے محفوظ رکھی جائیں اور امدادی پیکج کی تقسیم محکمہ داخلہ کی جاری کردہ حتمی فہرست کے مطابق کی جائے۔ڈپٹی کمشنرز کو امدادی رقوم کی تقسیم کی تفصیلی رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب کے 14 متاثرہ اضلاع میں قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اٹک، مری، بہاولپور، بہاولنگر، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، سیالکوٹ، خانیوال، اوکاڑہ اور راولپنڈی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں