بھارتی سیٹلائٹ لانچ ناکام

سری نگر (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کو ایک اور ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، بھارت کا پولر سیٹلائٹ لانچ وہیکل (PSLV-C61)اتوار کی صبح 5:59بجے سری ہری کوٹا کے ستیش دھاون اسپیس سینٹر سے روانہ ہوا، لیکن چند منٹ بعد ہی اس کے تیسرے مرحلے کے راکٹ موٹر میں خرابی آ گئی جس کے نتیجے میں ای او ایس -09سیٹلائٹ کے کامیاب لانچ میں ناکامی ہوئی۔ابتدائی معلومات کے مطابق، راکٹ کے تیسرے مرحلے کا موٹر، جو ہائیڈروکسیل ٹرمینیٹڈ پالی بیوٹادیین ایندھن استعمال کرتا ہے، روانگی کے 203سیکنڈ بعد درست کام نہیں کر سکا، جس کے باعث سیٹلائٹ اپنے متعین 524کلومیٹر کے سن سنکرونس پولر مدار تک پہنچنے میں ناکام رہا۔ اس ناکامی کے بعد، بھارتی خلائی ایجنسی آئی ایس آر او نے مشن کو فیلڈ ٹرمینیشن پروسیجر کے تحت ختم کر دیا اور راکٹ کے چوتھے مرحلے اور سیٹلائٹ کو تباہ کر دیا۔ سیٹلائٹ کا 1696کلوگرام وزن کا EOS-09 سیٹلائٹ، جو کہ موسم سے آزاد تصویریں فراہم کرنے کے لیے سی- بینڈ سنتھیٹک اپرچر راڈار (ایس اے آر) پر مبنی تھا، بھارت کے سرحدی نگرانی اور قدرتی آفات کے ردعمل کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے منصوبوں کے لئے اہمیت رکھتا تھا۔یہ واقعہ پی ایس ایل وی پروگرام کے 63مشنز میں سے تیسری مکمل ناکامی ہے، اس ناکامی کے بعد آئی ایس آر او کے انجینئروں نے ڈیٹا کا تجزیہ شروع کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ خرابی ایندھن کے بہا میں خرابی، نوزل کے مسائل یا ساختی ناکامی کس وجہ سے ہوئی تھی۔اس ناکامی سے بھارت کے 52سیٹلائٹس پر مشتمل نگرانی کے نیٹ ورک کے قیام میں تاخیر ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں