بھارتی کرکٹ سمرجیت سنگھ نے دولت میں کوہلی اور دھونی کو پیچھے چھوڑ دیا

ممبئی (سپورٹس نیوز)بھارت کے امیرترین کرکٹر جن کی دولت 20,000 کروڑ روپے سے بھی زائد ہے ان میں ویرات کوہلی، سچن ٹنڈولکر، ایم ایس دھونی یا روہت شرما کے نام شامل نہیں ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق 20 ہزار کروڑ روپے سے زائد کی مجموعی مالیت رکھنے والے بھارتی کرکٹر نے ویرات کوہلی اور ایم ایس دھونی جیسے اسٹارز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، اس ناقابل یقین خوش قسمتی کے پیچھے سمرجیت سنگھ گائیکواڑ کا نام ہے جو بھارت کے امیرترین کرکٹر ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق سمرجیت سنگھ رنجیت سنگھ گائیکواڑ، اپریل 1967 کو شاہی گائیکواڑ خاندان میں پیدا ہوئے، سمرجیت سنگھ کو کھیلوں میں فٹ بال، ٹینس اور کرکٹ سے لگا ہے، اپنی بے پناہ شاہی دولت کے باوجود سمرجیت سنگھ کی کرکٹ میں شمولیت نے بھارتی کرکٹ کی تاریخ میں اپنا مقام مضبوط کیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سمرجیت سنگھ نے 1987 سے 1989 تک چھ فرسٹ کلاس میچوں میں بڑودہ کی نمائندگی کی اور بعد میں بڑودہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اب وہ موتی باغ اسٹیڈیم میں کرکٹ اکیڈمی چلاتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اب وہ بڑودہ کے مہاراجہ کے طور پر لکشمی ولاس پیلس میں رہائش پذیر ہیں جو دنیا کی سب سے بڑی نجی رہائش گاہوں میں سے ایک ہے جو 500 ایکڑ پر پھیلی ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں