بھارت کو پہلے سے بڑا جواب دینگے،فیلڈ مارشل

ایبٹ آباد (بیوروچیف) فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے معرکہ حق میں اپنی عسکری اور دفاعی صلاحیت کا لوہا منوایا۔ دوبارہ جارحیت کی کوشش کی گئی تو پاکستان دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ سخت جواب دے گا۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں لانگ کورس، ٹیکنیکل کورس، لیڈی کیڈٹ کورس اور اینٹی گریٹڈ کورس مکمل کرنے والوں کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے اپنے عزم سے دشمن کو شکست دے کر قوم کا اعتماد مزید مستحکم کیا ہے۔پاکستان کی مسلح افواج نے قوم کی حمایت کے ساتھ سرحدوں کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص سے قوم کا پاک فوج پر اعتماد مزید مضبوط ہوا، آپریشن بنیان مرصوص میں قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ فولادی دیوار کی طرح کھڑی تھی۔فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، بھارتی جارحیت کے خلاف قوم پہلے سے زیادہ متحد اور یک زبان ہوئی، اللہ اور قوم کی مدد سے اپنی زمین کا ایک انچ بھی نہیں لینے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام سے اب تک افواجِ پاکستان نے قوم کی حمایت کے ساتھ وطن عزیز کے بیرونی اور اندرونی دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، آپریشن معرکہ حق/ بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، افواجِ پاکستان نے اپنے عزم سے دشمن کو شکست دے کر قوم کا اعتماد مزید مستحکم کیا ہے۔ ازلی دشمن کے خلاف انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کرتے ہوئے رافیل طیاروں کو مار گرایا گیا، دشمن کی متعدد بیسز بشمول ایس 400 سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان نے ملٹی ڈومین وار فیئر کی صلاحیتوں کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل اور قومی عزم کے ساتھ ہم نے من حیث القوم متحد ہو کر فولادی دیوار کی مانند دشمن کا مقابلہ کیا، بھارت کا خود ساختہ شواہد پیش کرنا علامت ہے کہ بھارتی حکمران جماعت نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے دہشت گردی کو سیاسی رنگ دیا، پاکستان نے عددی طور پر بڑے دشمن کے خلاف اپنی واضح فتح کی بدولت عالمی برادری کا وقار اور داد حاصل کی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ نوجوانوں میں یہ اعتماد بھی مضبوط ہوا کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی طاقت کا ایک بنیادی ستون ہیں، قوم کو یقین دلاتا ہوں ان شااللہ، ہم اس مقدس سرزمین کا ایک انچ بھی دشمن کے حوالے نہیں ہونے دیں گے، خراج تحسین پیش کرتا ہوں ہر سپاہی، سیلر، فضائیہ کے جوانوں، مرد، خواتین، بچے، بزرگ جنہوں نے کٹھن حالات میں اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ وطن کے دفاع میں شہید ہونے والوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی بہترین فوج ہے، دشمن پاکستانی افواج اور عوام کے درمیان دوری پیدا کرنا چاہتا ہے، ہم شہدا اور ان کے اہلِ خانہ کے بے حد شکر گزار اور مقروض ہیں، شہدا کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزادی کی زندگی گزار رہے ہیں، آپ شہدا کے وارث ہیں، اپنی زندگی کو ان کی یاد کے شایانِ شان بنائیں، آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ دنیا کی ایک عظیم اور باوقار فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں، جو کسی سے کم نہیں، دشمن اپنے مذموم مقاصد کے لیے ہمارے عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں، پاکستان کا دفاعی نظریہ کریڈیبل ڈیٹرنس اور دائمی تیاری پر مبنی ہے، جس میں تمام صلاحیتوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پیشہ ور فوج روایتی میدان میں بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منوا چکی ہیں، جنگ میں ہمارے ہتھیار زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتے ہوئے بھارت کی جغرافیائی وسعت کا من گھڑت حفاظتی تصور ختم کر دیں گے، دشمن کو پہنچائے جانے والے فوجی و اقتصادی نقصانات بھارت کی توقعات سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہوں گے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یہ بھی کہا کہ بھارتی فوجی قیادت کو خبردار کرتا ہوں نیوکلیئر انوائرمنٹ میں دونوں ممالک میں جنگ کے لیے گنجائش نہیں، پاکستان کے ساتھ بنیادی مسائل کو بین الاقوامی اصولوں کے مطابق برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر حل کریں۔پی ایم اے کاکول میں 152 ویں لانگ کورس، 37 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71 ویں اینٹی گریٹٹ کورس اور 26 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی شاندار تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی فیلڈ مارشل عاصم منیر تھے۔پاس آئوٹ ہونے والوں میں 40 دوست ممالک کے فوجی بھی شامل ہیں جن کا تعلق عراق، مالدیپ، مالی، نیپال، فلسطین، سری لنکا، یمن، نائیجیریا اور بنگلا دیش سے ہے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کی آمد پر حاضرین نے کھڑے ہو کر ان کا شاندار استقبال کیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں