اسلام آبا د(بیوروچیف)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے جنگ ِآزادیء گلگت بلتستان کے 76 سال مکمل ہونے کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے غیور اور محبِ وطن باسیوں کو جنگِ آزادیء گلگت بلتستان کے 76سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آج کا دِن گلگت بلتستان اور پورے پاکستان کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور ہماری تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج سے 76 سال پہلے گلگت بلتستان کے غیور عوام نے قیامِ پاکستان کے بعد ڈوگرا راج کے خلاف کیپٹن مرزا حسن خان اور صوبیدار میجر بابر جیسے بہادر اور جَری رہنماؤں کی زیرِ قیادت بے سرو سامانی کے باوجود نہایت بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کیا اور ہندو سامراج کے کٹھ پْتلی گورنر گھنسارا سنگھ کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا اور گلگت بلتستان کے بہادر لوگوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کو ترجیح دی۔ گلگت بلتستان کی آزادی ہمارا اثاثہ اور سرمایہء افتخار ہے اور اپنی نوعیت کا منفرد کارنامہ ہے جس کا تاج گلگت بلتستان کے باشندوں نے یکم نومبر 1947 کو خود پاکستان کے سر پر سجایا اور اپنی غیر مشروط،بے مثل اور والہانہ محبت سے ثابت کر دیا کہ ہم پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
63