بھار ت کو دلیرانہ جواب دینے پر وزیراعظم، آرمی چیف کو مبارکباد

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے بھارتی جارحیت کا صبر و تحمل مگر دلیرانہ اور بھر پور جواب دینے پر وزیر اعظم میاں محمد شہبا ز شریف ،چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے جھوٹے الزامات کی آڑ میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے بھارت کے بزدلانہ اقدامات کے جواب میں پاک فوج نے عوام کی بھر پور حمایت سے دن کی روشنی میں بھارتی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور پوری قوم اِن کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بین الاقوامی قوانین کے تحت وطن عزیز کے دفاع کے حق کو استعمال کیا اور پیشہ وارانہ صلاحیت اور ذمہ دارانہ طرز عمل سے نہ صرف دشمن کو منہ توڑ جواب دیا بلکہ شہری آبادی کی بجائے صرف اُن فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستان کے خلاف جارحانہ کارروائی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر قومی سلامتی کے اس امتحان میں قومی ہیرو کے طور پر ابھرے ہیں اور پوری قوم اُن کی جرأت ، بہادری اور قائدانہ صلاحیتوں کی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور پوری قوم متحد ہو کر اس موقع پر پاک فوج کو اپنی ہر قسم کی حمایت کا یقین دلاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں