بھکاریوں کی شہر میں یلغار،انسداد گداگری سکواڈ غائب

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پیشہ ور بھکاریوں نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی شہرمیں یلغار کر دی ۔ شہریوں کی ناک میں دم کر دیا انسداد گداگری سکواڈ بھکاریوں پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گیا ۔ شہر کے گردو نواح سے آنے والے بھکاریوں نے شہر میں ڈیرے ڈال لئے اور چوکوں چوراہوں میں قبضہ جمالیا ۔پیشہ ور بھکار ی سڑکوں، چوراہوں، مارکیٹوں، بس سٹاپس، مساجد اور فوڈ اسٹریٹ سمیت دیگر مصروف مقامات پر منظم طریقے سے بھیک مانگنے میں مصروف ہیں ۔بھیک مانگنے پر پابندی کے باوجودجگہ جگہ بھیک مانگنے والوں کا بے پناہ رش ہے جس سے شہری پریشانی سے دوچار ہیں ،گداگروں نے گداگری کو منافع بخش کاروبار بنا لیا ہے۔بھکاریوں نے ٹولیوں کی شکل میں ٹریفک سگنلز پر ڈیرے جما رکھے ہیں، اشارہ بند ہوتے ہی گاڑیوں ،موٹرسائیکل والوں کی طرف لپکتے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو تی ہے ۔ کئی بھکاریوںنے معذوروں کا روپ بھی دھار رکھا ہے ۔بھکاریوں کی شہر میں یلغار کے باوجودانسداد گداگری سکواڈ نے پراسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔شہریوں نے کمشنر فیصل آباد مریم خان ،ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں گداگروں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان کا شہر میں داخلہ بند کیا جا ئے ۔شہریوں کو چاہئے کہ وہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ افزائی نہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں