بہبود بورڈ کے 2کروڑ 50 لاکھ سے زائد کے فنڈزجاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی بہبود بورڈ نے تعلیمی وظائف، شادی گرانٹ اور کفن دفن گرانٹ کی658درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے 2کروڑ 50لاکھ 78ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق تعلیمی وظائف کی سابقہ 217درخواستوں پر 45لاکھ 43ہزار روپے، شادی گرانٹ کی 255درخواستوں پر ایک کروڑ 40لاکھ 25ہزار روپے اور کفن دفن کی 186درخواستوں پر 65لاکھ 10ہزار روپے کی گرانٹ جاری کی گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹر) قیصر جاوید نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرصدارت بہبود فنڈ بورڈ کی طرف سے سرکاری ملازمین کی ایجوکیشنل سکالرشپ، میرج و ڈیتھ گرانٹس کی درخواستوں کو انچارج بہبود فنڈ برانچ محمد نوید کے زیر نگرانی مکمل درخواستوں کی ہر لحاظ سے چھان بین کے بعد منظور کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کر دیا گیا ہے۔ مذکورہ رقوم درخواست گزاروں کے بنک اکائونٹس میں منتقل کر دی گئی ہیں، مزید برآں ماہانہ امداد کے 31نئے کیسز بھی منظور کئے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں