24

بیرونی سرمایہ کاری کیلئے شہباز متحرک

اسلام آباد(بیوروچیف)وزیراعظم شہباز شریف بیرونی سرمایہ کاری کیلئے متحرک ہو گئے۔سی پیک 2 کے باقاعدہ آغاز کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف جون کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کریں گے۔ملائیشیا اور ترکیہ کے صدور بھی بڑے سرمایہ کاروں کے وفد کیساتھ جلد پاکستان آئیں گے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان بھی جون کے آخر میں متوقع ہے۔اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النیہان کی دعوت پر یو اے ای کا دورہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دورے کا شیڈول سفارتی چینلز سے طے کیا جارہا ہے۔ یہ اہم دورہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین سے پہلے ہوگا جو ممکنہ طور پر جون کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران وزیراعظم دبئی کے حکمران محمد بن المختوم اور دیگر شاہی عمائدین سے ملیں گے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے علاوہ ان کے ہمراہ وزیراعلی مریم نواز اور کاروباری افراد کا ایک گروپ بھی ہوگا۔وزیراعظم اس موقع پر سرمایہ کاری کے امکانات کے حوالے سے اپنے میزبانوں سے اہم مذاکرات کریں گے۔ ملاقاتوں میں بین الاقوامی معاملات سمیت دونوں ممالک کے مابین مفاہمت کی یاداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ سعودی عرب کے بعد یو اے ای دوسرا ملک ہوگا جس کا دورہ شہباز شریف وزیراعظم بننے کے بعد کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف جون کے پہلے ہفتے میں اپنے چار روزہ دورے پر بیجنگ بھی جائیں گے، ان کا یہ دورہ چار سے سات جون تک جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں