بیرون ممالک سے ڈی پورٹ پاکستانیوں کیخلاف کارروائی نہ کئے جانیکا انکشاف

اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے بیرون ممالک سے ڈپورٹ پاکستانیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ذرائع کے مطابق سال 2021اور 2022 کے دوران ایران نے مجموعی طور پر 25 ہزار 113پاکستانیوں کو ڈپورٹ کیا تاہم ڈپورٹ کیے گئے پاکستانی شہریوں کے خلاف ایف آئی اے نے کوئی کارروائی نہ کی۔میڈیا کو موصول دستاویز سے پتہ چلتا ہے کہ ان افراد کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے ڈپورٹ ہونے والی کئی پاکستانی یورپ جانے کے لیے دوبارہ ایران پہنچ گئے۔دستاویز کے مطابق ایران کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو دوسری بار بھی ڈی پورٹ کیا گیا مگر ان افراد کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہ کی گئی۔دستاویز میں بتایا گیا کہ کشتیاں ڈوبنے سے جاں بحق ہونے والوں میں بھی زیادہ تعداد ان ہی ڈی پورٹرز کی ہی تھی، البتہ کشتی ڈوبنے کے متعدد واقعات کے بعد ایف آئی نے ڈی پورٹرز کے خلاف کمر کس لی۔ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے نے ایران سے ڈی پورٹ کیے گئے 25 ہزار 113 شہریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے ایف آئی اے بلوچستان نے وزارت داخلہ کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں