بیمار بیوی کو قتل کرنے والا شوہر 1سال بعد گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ گلبرگ عدیل اکرم نے کامیاب چھاپہ مار کر ایک سال قبل بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس 10ستمبر 2024ء کو محمدپورہ گلی نمبر7 کو ملزم منیر احمد خان نے چھری اور ہتھوڑی کے وار کر کے فالج کی مریضہ بیوی منیبہ بی بی کو قتل کر کے فرار ہو گیا۔ مقتولہ کے بیٹے شہزاد احمد نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے کہا تھا کہ اسکی والدہ منیبہ بیگم فالج اور شوگر کی مریضہ تھی اور وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہونے کی بناء پر بستر پر ہی پیشاب اور پاخانہ کرتی تھی۔ جس پر میاں بیوی میں آئے روز نوک جھونک رہتی تھی اسی بناء پر اس کے والد منیر احمد خان نے والدہ کو چھری اور ہتھوڑی کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا اور گھر کو تالہ لگا کر چابیاں بیٹی زیب النساء سکنہ افغان آباد کے سکیورٹی گارڈ کو دیتے ہوئے کہا کہ وہ والدہ کو ناشتہ دے دینا جب وہ اسکی بیٹی اور داماد گھر پہنچے تو منیبہ بیگم گھر میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پڑی تھی اور ملزم فرار تھا۔ تاہم ایس ایچ او تھانہ گلبرگ عدیل اکرم چیمہ نے عملہ کے ہمراہ کامیاب چھاپہ مار کر بیوی کے قاتل شوہر کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی ہے۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے بیوی کے قاتل شوہر کو گرفتار کرنے پر ایس ایچ او تھانہ گلبرگ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں