بین الاضلاعی بدنام زمانہ منشیات سپلائی امجد خان گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر منشیات فروشوں کیخلاف خصوصی مہم کے دوران ایس ایچ او تھانہ ریلبازار محمد علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ لاری اڈا میں کامیاب چھاپہ مار کر ٹرانسپورٹ کی آڑ میں وسیع پیمانے پر منشیات کا دھندہ کرنے والے بین الاضلاعی بدنام زمانہ منشیات سپلائر امجد علی خان کو گرفتار کر کے تھانہ سول لائن کی حوالات میں بند کر دیا اور بازپرس کے دوران اس کانیٹ ورک بے نقاب کر دیا اور اس مکروہ دھندہ میں شامل اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 225 رب احمد نگر کے رہائشی امجد علی خان ولد سکندر خان کا ٹرانسپورٹ کا کوئی کاروبار نہ ہے اور اس نے لاری اڈا میں مبینہ طور پر ٹرانسپورٹ کا دفتر بنا رکھا تھا۔ جہاں وہ وسیع پیمانے پر منشیات سپلائی کا کاروبار کرتا تھا اور اس کا نیٹ ورک فیصل آباد سمیت دیگر کئی شہروں تک پھیلا ہوا تھا اور وہ ٹرانسپورٹرز کی آڑ میں علاقہ غیر سے منشیات منگوا کر مختلف شہروں میں سپلائی کرتا تھا، تاہم ایس ایچ او تھانہ ریلبازار وسول لائن نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے منشیات سپلائر کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے بھاری مالیت کی منشیات بھی برآمد کیں اور اس کا نیٹ ورک توڑنے کیلئے اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بہت جلد اس کے ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے بدنام زمانہ منشیات سپلائر کو گرفتار کرنے پر ایس ایچ او ریلبازار اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں