58

بیوہ خاتون نے دو بچیوں کو زہر دے کر خود کشی کرلی

کراچی (بیوروچیف)شہر قائدکے مضافاتی علاقے گھگر پھاٹک کے قریب مبینہ طور پر بیوہ خاتون نے دو بچیوں کو زہر دینے کے بعد خودکشی کرلی۔تفصیلات کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک عورت اور دو کمسن بچوں کی لاشوں کو اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع علاقے قادر نگر سے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ تینوں نے کوئی زہریلی چیز کھائی ہے۔علاقے کے ایس ایچ او سلیم رند نے بتایا کہ ڈاکٹر نے دو سالہ ثنا اسلم کو ہسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دیا، بعد میں اس کی 30 سالہ ماں ، جس کی شناخت نور جہاں کے نام سے ہوئی ، دوران علاج انتقال کر گئی، ان کا کہنا تھا کہ چھ سالہ حنا ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نور جہاں قادر نگر میں کرائے کے ایک چھوٹے سے گھر میں اپنے دو جسمانی طور پر معذور بھائیوں کے ساتھ رہتی تھی جو شہر میں رکشہ چلاتے ہیں۔ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ پولیس نے جائے وقوع سے ملنے والے چائے کے کپ بھی تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پڑوسیوں کا کہنا تھا کہ بچیوں کی چیخوں کی آواز سن کر وہ گھر کی طرف دوڑے جہاں انہوں نے نور جہاں کو بیٹیوں سمیت بے ہوش پایا۔اہلکار کا کہنا تھا کہ جب ان کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تب متاثرین بولنے کی حالت میں نہیں تھے۔ان کا خیال تھا کہ بیوہ عورت نے بچیوں کو زہر دے کر خود کشی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں