بیٹوں نے باپ کے قاتل کو گولیاں مار کر قتل کردیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مدینہ ٹائون کے علاقہ 208چک میں باپ کے قتل کا بدلہ لینے کی خاطر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مخالف کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 208چک کے رہائشی اصغر علی نے بتایا کہ 2013ء میں اسد عرف سولا کا والد امام دین قتل ہوا تھا، جس پر نامزد ملزمان اور صابر علی ملزم تھا اور ان کا کیس لاہور ہائیکورٹ میں زیرسماعت تھا۔ گزشتہ روز 208چک کے یوسف ولد شوکت’ عبدالغفار ولد حسن محمد’ اصغر علی ولد فرزند علی اور صابر علی بھی کار پر جا رہے تھے کہ جب وہ 208 چک بہار مدینہ مسجد کے قریب پہنچے تو موٹرسائیکل سوار ملزمان اسد عرف سولا’ منظور عرف پورا نے باپ کے قتل کا بدلہ لینے کی خاطر ان پر فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے یوسف ولد شوکت بری طرح زخمی ہو گیا۔ ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ مضروب کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں