11

تاجروں کے تحفظات دور کروائیں گے،رانا ثناء اللہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر برائے عوامی و سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے چیئرمین محمد امین بٹ کی عیادت کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچے’ سٹی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) میاں ضیاء الرحمن بھی ان کے ہمراہ تھے’ اس موقع پر سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے صدر چوہدری ارشد’ سینئر وائس چیئرمین ذیشان ظفر’ مکی کلاتھ مارکیٹ کے چیئرمین شیخ یوسف گچھا’ گول الیکٹرونکس بازار کے صدر میاں آصف’ کچہری بازار کے صدر چوہدری خالد جٹ’ احمد صوفی’ مبشر ٹھاکر’مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری کاشف گجر کے علاوہ تاجرنمائندے بھی موجود تھے’ رانا ثناء اللہ خاں نے سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے چیئرمین محمد امین بٹ کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی’ انہوں نے محمد امین بٹ کو مسلم لیگ (ن) فیصل آباد کا سرمایہ قرار دیا اور کہا کہ ہم سب دعاگو ہیں کہ آپ جلد صحت یاب ہو کر دوبارہ پارٹی اور تاجروں کی خدمت کیلئے میدان عمل میں نکلیں’ سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے چیئرمین محمد امین بٹ نے اپنے قائد رانا ثناء اللہ خاں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کے آنے سے میرا حوصلہ بڑھا ہے اور خود کو تندرست محسوس کر رہا ہوں’ اس موقع پر انہوں نے ضلعی انتظامیہ کا تاجروں کے ساتھ ناروا سلوک ‘بلاوجہ دکانوں کو سیل کرنے اور بیوٹی فکیشن کے نام پر آٹھ بازاروں کے تاجروں کو بیروزگار کرنے کے حوالے سے اپنے قائد رانا ثناء اللہ خاں کو آگاہ کیا اور بتایا کہ کس طرح ضلعی انتظامیہ تاجروں کو پریشان کر رہی ہے’ انہوں نے کہا کہ وہیکل فری کے نام پر پہلے ہی تاجروں کا کاروبار تباہ ہو چکا ہے اور اگر بازاروں کی خوبصورتی کے نام پر تاجروں کو ہراساں کیا گیا تو تاجر سڑک پر آ جائیں گے جس کا نقصان ہماری پارٹی اور آنے والے انتخاب کو ہو گا’ انہوں نے رانا ثناء اللہ خاں کو پیرا فورس کی زیادتی اور چیرہ دستیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ کس طرح تاجروں پر بیس’ بیس ہزار روپے جرمانے کئے جا رہے ہیں’ اس موقع پر مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ خاں نے محمد امین بٹ اور تاجروں کو یقین دلایا کہ میں ضلعی انتظامیہ کو پابند کروں گا کہ وہ آپ لوگوں کے ساتھ بیٹھیں آپ کے تحفظات کو دور کریں’ اس وقت تک آٹھ بازاروں میں کوئی آپریشن نہیں ہو گا’ انہوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ سرکاری محکموں کے افسران آپ کو تنگ نہیں کریں گے اگر ایسا ہو تو آپ میرے نوٹس میں لائیں’ آٹھ بازاروں کے حوالے سے تمام فیصلے آپ لوگوں کی امنگوں کے مطابق ہوں گے’ اس موقع پر انہوں نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رانا احمد شہریار خاں کی انتخابی مہم کو چلائیں ان کی جیت کو یقینی بنائیں’ آٹھ بازار بھی اسے حلقے میں آتے ہیں لہٰذا جب آپ اس حلقے کے ایم پی اے بن جائیں گے تو فیصلے کرنے میں بھی آسانی ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں