7

تاجر برادری کو ریلیف ملنے کا امکان (اداریہ)

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تاجر دوست اسکیم میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے ادارہ چھوٹے تاجروں سے ٹیکس وصول کرنے کے بجائے معتبر معلومات کی بنیاد پر خوردہ فروشوں کے خلاف کارروائیاں شروع کرے گا، ایف بی آر اب ریٹرنز’ ڈیٹا سکیورٹی اور بجلی کی کھپت کے ڈیٹا کے تجزیئے کی بنیاد پر بڑے ریٹیلرز’ دکانداروں /تاجروں کو رجسٹرڈ کرے گا اور فی دکان /ریٹیل آٹوٹ لیٹ پر فکسڈ ٹیکس کی موجودہ پالیسی کو معطل کر دے گا، اس پالیسی پر نظرثانی کی آئی ایم ایف نے توثیق کی ہے یا نہیں یہ سب سے بڑا سوالیہ نشان ہو گا کیونکہ تاجرد وست اسکیم مطلوبہ محصول وصول کرنے میں بُری طرح ناکام رہی ہے پہلی سہ ماہی میں ہدف 10ارب رکھا گیا تھا دوسری سہ ماہی اکتوبر دسمبر کی مدت کیلئے ٹی ڈی ایس کی وصولی 23.4 ارب تک جانے کا ہدف تھا” ایف بی آر نے تاجر دوست اسکیم میں بڑی تبدیلیوں کا عندیہ تو دے دیا ہے مگر شائد یہ اتنا آسان نہ ہو کیونکہ اس وقت ہم آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے پر مجبور ہیں آئی ایم ایف کے علم میں لائے بغیر کسی بھی کام کو شروع کرنا بھی مسئلہ ہے ایف بی آر کی کوششوں سے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہوا محاصل بھی بڑھے مگر اس کے باوجود اہداف میں ناکامی کا سامنا رہا ہے اس حوالے سے آئی ایم یف کا مددگار مشن آئندہ ہفتے پاکستان آئے گا پہلے نصف جولائی تا دسمبر میں 321ارب روپے کے ٹیکس خسارے کا امکان ہے آئی ایم ایف کی ٹیم آئندہ قسط کیلئے پہلے جائزہ مذاکرات نہیں کرے گی کارکردگی کے اہداف میں انحراف کے بعد آئی ایم ایف نے آئندہ ہفتے اسلام آباد میں اپنا ہنگامی مشن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مذاکرات کئے جائیں اور ایک منی بجٹ کے نفاذ کے ذریعے اصلاحات کے لیے زور دیا جائے، آئی ایم ایف کی سٹاف ٹیم ناتھن پورٹر کی سربراہی میں 11نومبر سے 15نومبر تک معاشی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان پہنچے گی ٹیم پاکستان میں آئی ایم ایف قرض پروگرام کا بھی جائزہ لے گی جبکہ ایف بی آر کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ کے دوران جمع کئے جانے والے ٹیکس ریونیو کے ہدف میں شارٹ فال کا بھی جائزہ لے گی دوسری قسط کے لیے پہلے جائزہ مذاکرات سال 2025ء کی پہلی سہ ماہی سے قبل نہیں ہوں گے آئی ایم ایف کی ٹیم وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وزیر نجکاری علیم خان’ وزیرتوانائی اویس لغاری وزیر اقتصادی امور احد چیمہ گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال سمیت دیگر متعلقہ شعبوں کے سربراہوں سے مذاکرات کرے گی مذاکرات کے دوران آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سرکلر ڈیبیٹ مینجمنٹ پلان کے علاوہ پی آئی اے’ ڈسکوز سمیت دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ ٹیکس ریونیو ہدف کے حصول کے لیے منی بجٹ سمیت ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا، ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس اہداف کے حصول میں ناکامی کے بعد عالمی مالیاتی ادارے کی آمد کا اعلان یہ ظاہر کر رہا ہے کہ وہ پاکستان پر ٹیکس محاصل میں ناکامی کے بعد منی بجٹ لانے پر زور دے گا اور مہنگائی اور دیگر مسائل کے مارے عوام ایک بار پھر نئی مشکل میں پھنس سکتے ہیں پہلے ہی عام آدمی بمشکل اپنی زندگی کی گاڑی کو کھینچ رہا ہے منی بجٹ آئے گا تو مہنگائی ایک بار پھر عروج پر پہنچ جائے گی روزگار کے مواقع پہلے ہی بہت محدود ہو چکے ہیں تاجر’ صنعتکار’ کاروباری افراد کی مشکلات پہلے ہی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے اب اس پر نئی افتاد پڑنے کا خطرات منڈلا رہے ہیں تاجروں کو مشکلوں سے نکالنے کیلئے ایف بی آر نے تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے جو خوش آئند ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ چھوٹے تاجروں’ خوردہ فروشوں کے خلاف کارروائیوں سے قبل ان کی کاروباری حیثیت کا بھی اندازہ کرنا بھی ضروری ہے اس اقدام سے تاجر دوست اسکیم کے نتائج میں بہتری کے امکانات ہیں ایف بی آر کو معتبر معلومات کی بنیاد پر ہی کارروائیاں کرنی چاہئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں