تاجر محب وطن ہیں ان کیساتھ بیگانوں جیسا سلوک افسوسناک ہے،حبیب گجر،شیخ محمد فیصل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تاجر محب وطن ہیں ان کے ساتھ ملک دشمنوں جیسا سلوک بند کیا جائے’ حکومت 37AAجیسا کالا قانون لائی ہے جس کے تحت ایف بی آر بغیر کوئی وجہ بتائے کسی بھی دکاندار کے کھاتے دکان کے مالک سمیت گرفتار کر سکے گی’ جس کی ہم پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ایسے کسی بھی قانون کو مسترد کرتے ہیں’ ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران (متحدہ) کلاتھ مارکیٹس سرکلر روڈکے نائب صدر شیخ فیصل حنیف کی حلف برداری کی تقریب کے شرکاء سے مہمانان خصوصی کلاتھ بورڈ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ چوہدری حبیب گجر’ جنرل سیکرٹری شیخ محمد فیصل’ سینئر نائب صدرشیخ آصف نے کیا’ اس موقع پر (متحدہ) کلاتھ مارکیٹس سرکلر روڈ کے صدر چوہدری سلطان محمود’ جنرل سیکرٹری شیخ تنویر احمد’ چیئرمین حاجی رانا منور سعید’ سینئر نائب صدر شیخ خرم شہزاد’ چیف آرگنائزر شیخ محمد الیاس’ نائب صدور ارشد انصاری’ عمران ریاض’چوہدری رشید جٹ’ سیکرٹری اطلاعات شیخ عماد و دیگر تاجر و دکاندار موجود تھے’ انہوں نے کہا کہ ایسے کالے قوانین کے نفاذ سے تاجروں میں حراسمنٹ پھیلے گی جس کا کاروبار پر انتہائی برا اثر پڑے گا’ مقررین نے کہا کہ حکومت کا کام عوام اور خاص طور پر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہوتا ہے مگر موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے دیئے گئے بجٹ کے ذریعے تاجروں کو زندہ درگور کرنے پر تلی ہوئی ہے’ ایسے ملک دشمن پالیسیاں تاجروں کو تباہ کردیں گی اور تاجر اپنی دکانیں بند کر کے گھروں میں بیٹھ جائیں گے’ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حق کیلئے لڑیں گے اس کیلئے سب سے پہلے ہم مذاکرات کریں گے اور ہمارے جائز مطالبات نہ مانے گئے تو ہم شٹرڈائون ہڑتال کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومت پر ہو گی’ اس موقع پر (متحدہ) کلاتھ مارکیٹس سرکلر روڈ کے صدر چوہدری سلطان محمود’ جنرل سیکرٹری شیخ تنویر احمد نے کہا کہ ہم تاجروں کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے اور اگر ایف بی آر نے ہمارے کسی تاجر بھائی کو گرفتار کیا تو ہم سب اپنی اپنی دکانیں بند کر کے سخت احتجاج کریں گے’انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قائدین کی قیادت میں پہلے سے زیادہ متحد ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ آپ کی ایک کال پر اپنا تن’ من’ دھن قربان کردیں گے’ آخر میں مہمان خصوصی چوہدری حبیب گجر نے انجمن تاجران (متحدہ) کلاتھ مارکیٹس سرکلر روڈکے نائب صدر شیخ فیصل حنیف سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں