تاجر کا کینسر ہسپتال کیلئے 2کھرب28ارب عطیہ

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی کے ایک تاجر نے اپنی بیٹی کی یاد میں 3ارب درہم (2کھرب 28ارب 30کروڑ پاکستانی روپے) عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے رپورٹ کے مطابق اعلان کردہ عطیہ متحدہ عرب امارات میں نجی شعبے کی جانب سے انسانیت کے لیے اب تک کی سب سے بڑی انفرادی امداد ہے۔عزیزی گروپ کے بانی اور چیئرمین مرویس عزیزی نے یہ عطیہ اپنی بیٹی فرشتہ عزیزی کی یاد میں کیا ہے جو کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد انتقال کر گئی تھیں، یہ فنڈز دبئی میں ایک غیر منافع بخش اسپتال کی تعمیر کے لیے استعمال ہوں گے جو کینسر کے مریضوں کو مفت اور سستی طبی سہولیات فراہم کرے گا۔اس اسپتال کی تعمیر رواں سال شروع ہو جائے گی اور اسی طرح کے اسپتال دنیا کے دیگر ممالک میں بھی تعمیر کیے جائیں گے۔فرشتہ عزیزی چند سال قبل کینسر کا شکار ہوئی تھیں اور ابتدائی علاج کے بعد وہ صحتیاب ہو گئی تھیں لیکن تقریبا 7ماہ قبل ان کا کینسر دوبارہ لوٹ آیا اور 29اکتوبر 2024کو وہ اس دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ مرویس عزیزی نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بھی ایک کھرب 40ارب روپے (500ملین ڈالر) کے عطیے کا اعلان کیا ہے جہاں فرشتہ عزیزی میڈیکل سٹی تعمیر کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں