تاریخی ورثہ گرودوارہ پاکستان ماڈل سکول کچہری بازار کو خطرات لاحق

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے تاریخی ورثے گردوارہ پاکستان ماڈل سکول کچہر ی بازار کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ شہریوں اور سماجی تنظیموں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے فوری نوٹس لینے اور تجاوزات کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر کے تاریخی مقامات، قدیم دور کی عمارت پاکستان ماڈل اسکول جو پہلے تاریخی سکھوں کا گردوارہ تھا اب اس کی کھڑکیاں دیوازے اور دیواریں تجارتی سرگرمیوں اور غیر قانونی تعمیرات کے باعث بدحالی کا شکار ہو چکی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کی پہچان سمجھے جانے والے سابقہ گردوارا بعد ازاں قائم ہونے والے پاکستان ماڈل اسکول کی تینوں اطراف کی دیواروں اور گیٹ کے سامنے ناجائز تعمیرات نے عمارت کا حسن مکمل طور پر ماند کر دیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق اسکول کے گرد بننے والی غیر قانونی دکانوں اور ٹھیلوں کی وجہ سے نہ صرف تاریخی عمارت کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے بلکہ اسکول میں زیرِ تعلیم بچوں کی پڑھائی بھی شور اور ہجوم کے باعث شدید متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ اسکول کے اطراف پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے سرگرم سماجی تنظیموں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر تجاوزات ختم کروا کر صفائی، بحالی اور تزئین و آرائش کے مثر اقدامات کرے تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے یہ قیمتی ورثہ محفوظ رہ سکے۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ڈپٹی کمشنر اور کمشنر فیصل آباد نے بروقت کارروائی نہ کی تو شہر کا تاریخی تشخص مٹنے کا اندیشہ ہے۔ عوام نے متعلقہ اداروں میونسپل کارپوریشن تجاوزات کے لیے پیرا فورس سے اپیل کی ہے کہ وہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے سخت اور مستقل بنیادوں پر اقدامات کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں