4

تاندلیانوالہ کے باسیوں کیلئے خوشخبری،ترقیاتی کاموں کیلئے وزیراعلیٰ نے 5ارب فنڈز کی منظوری دیدی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انورنے تحصیل تاندلیانوالہ کے باسیوں کو بڑی خوشخبری سنادی۔پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تاندلیانوالہ میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن سمیت سڑکوں کی مرمت وبحالی اور دیگر منصوبوں کی تکمیل کے لئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے5۔ارب فنڈز کی منظوری دی ہے اور عنقریب میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔کمشنر فیصل آباد نے وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر تحصیلوں کے وزٹس کے تحت اگلے مرحلہ میں تاندلیانوالہ کا دورہ کیا اور یہ بات اسسٹنٹ کمشنر آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔اسسٹنٹ کمشنر ازکا سحر اور دیگر تحصیل افسران بھی موجود تھے۔کمشنر نے کہا کہ تحصیل میں میگا پراجیکٹس سے عوام الناس کا معیار زندگی بلند اور ترقی کا نیا باب شروع ہوگا۔کمشنر نے شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال اور اسسٹنٹ کمشنر کی رپورٹ پر ٹھیکیدار کو آخری وارننگ کے ساتھ ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیااورصورتحال تسلی بخش نہ ہونے پر ٹھیکہ منسوخ کرنے کا عندیہ دے دیا۔کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی میں تعطل نہیں آنا چاہیے،سڑکوں کے پیچ ورک،سٹریٹ لائٹس فعال،واٹر فلٹریشن پلانٹس چالو سمیت شہری وعلاقائی خوبصورتی کے لئے دستیاب فنڈز کا دانشمندانہ استعمال کریں۔انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سے کہا کہ یونین کونسل سیکرٹریز کو ڈویلپمنٹ پلان بنانے کے لئے ٹاسک دیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور میونسپل کمیٹی سے کہا کہ تحصیل کی آمدن بڑھانے کے لئے موثر پلاننگ کی جائے اوراسسٹنٹ کمشنر مینجر کا کردار اداکرتے ہوئے تمام تر امور کی نگرانی کریں۔کام چور اور غفلت شعار افسران وملازمین کی کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے دورہ کے دوران بعض مریضوں کی طرف سے ادویات ہسپتال سے نہ ملنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی سرزنش اور سو فیصد مریضوں کو ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔انہوں نے ہسپتال میں انتظامی وطبی امور کی جانچ کے ساتھ وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی اور کہا کہ حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچانے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے پبلک پارک کا دورہ کرکے تفریحی سہولیات کا جائزہ اور شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔انہوں نے کہا کہ پارکس کو حقیقی معنوں میں تفریح گاہ بنانا ہے۔انہوں نے مرکزی قبرستان میں جاکر صفائی کی صورتحال چیک کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں