تاندلیانوالہ کے ٹھٹھہ جیون میں شدید طوفانی بگولے نے تباہی مچا دی

تاندلیانوالہ (نامہ نگار) تاندلیانوالہ کے نواحی گائوں ٹھٹھہ جیون موضع کر میں دریائے راوی کے کنارے اچانک اٹھنے والے شدید طوفانی بگولے نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں متعدد مکانات کو شدید نقصان پہنچا، مویشی ہلاک و زخمی ہو گئے جبکہ ایک خاتون بھی زخمی ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ قدرتی آفت اچانک بستیپر نازل ہوئی، جس کی شدت نے مکینوں کو سنبھلنے کا موقع تک نہ دیا۔ بگولے کی زد میں آکر کئی گھروں کی چھتیں اڑ گئیں، دروازے کھڑکیاں اور گیٹ اکھڑ کر دور جا گرے جبکہ گھروں پر نصب سولر پلیٹس بھی شدید متاثر ہوئیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق درجنوں مویشی زخمی یا ہلاک ہو گئے اور فصلوں کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے۔ طوفان کی زد میں آکر ایک خاتون زخمی ہو گئی جنہیں طبی امداد کے لیے مقامی مراکز صحت منتقل کر دیا گیا۔ مقامی افراد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی فوری دادرسی کی جائے اور نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں