3

تاوان نہ ملنے پر9سالہ بچے کو قتل کرنیوالے2سگے بھائی گرفتار

گوجرہ (نامہ نگار) نواں لاہور میں تاوان کی خاطر 9 سالہ بچے کو اغواء کر کے قتل کرنیوالے سفاک ملزمان سگے بھائی اور مقتول کے عزیز نکلے، نواں لاہور پولیس نے قاتل بھائیوں کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 20جنوری 2026ء کو تھانہ نواں لاہور کے علاقہ 399 ج ب کے رہائشی مجاہد اقبال کے 9سالہ بیٹے ابوبکر کو اغواء کر لیا اور 30لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا، رقم نہ ملنے پر بچے کو قتل کر کے نعش کو سیم نہر کے قریب دفن کر دیا تھا۔ تاہم ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ فضل عباس نے سنگین واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ جس پر تھانہ نواں لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ڈی ایس پی گوجرہ علم دین اور ایس ایچ او تھانہ نواں لاہور شکیب رضا بٹ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شبانہ روز محنت سے دو ملزمان ذوالقرنین رضا اور کمال عرف اقبال پسران ضیاء اﷲ سکنہ 399 ج ب کو حراست میں لیکر بازپرس کی اور انسداد دہشت گردی کی عدالت سے مذکورہ ملزمان جوکہ سگے بھائی تھے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے تفتیش کی تو مذکورہ ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 9سالہ ابوبکر کو اغواء کر کے اس کے والد مجاہد اقبال سے 30لاکھ تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ تاوان ادا نہ کرنے پر بچے کو سیب کے مربہ میں زہر ملا کر کھلایا جسکی وجہ سے اسکی موت واقع ہو گئی اور بعدازاں 340 ج ب سیم نہر کے قریب نعش دفن کر دی تھی، ملزمان کی نشاندہی پر نواں لاہور پولیس نے نعش برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔آر پی او سہیل احمد سکھیرا کی اغواء کاروں کو گرفتار کرنے پر ایس ایچ او تھانہ نواں لاہور اور انکی ٹیم کو شاباش دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں