تاوان کی جھوٹی کال کرکے اغوا کا ڈرامہ رچانے والا نوجوان بہاولنگر سے پکڑا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تاوان کی جھوٹی کال کر کے اغواء کا ڈرامہ رچانے والا نوجوان بہاولنگر سے پکڑا گیا، ایس ایچ او تھانہ ملت ٹائون مظہر عرفان نے پکڑے جانے والے ملزم سے بازپرس کی تو مغوی نے اعتراف جرم کر لیا۔ تفصیل کے مطابق دھنولہ کے رہائشی علی رضا نے 25جولائی کو تھانہ ملت ٹائون میں مقدمہ درج کروایا کہ اس کا بھائی علی احمد آفریدی نے بائی پاس پر بابا فرید ہوٹل بنا رکھا ہے اور ہوٹل بند کر کے گھر نہ پہنچا، نامعلوم نے اغواء کر لیا۔ بعدازاں گھر والوں نے بتایا کہ اغواء کاروں نے 50ہزار تاوان کا مطالبہ کیا ہے جس پر ایس ایچ او نے ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بہاولنگر میں چھاپہ مار کر مغوی علی احمد کو بازیاب کیا تو اس نے بتایا کہ قرض چکانے کیلئے اغواء برائے تاوان کا ڈرامہ رچایا تھا، کسی نے اغواء نہیں کیا خود ہی تاوان کی کال کی تھی جس پر پولیس نے مغوی کو حراست میں لیکر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں