تجاوزات ختم کرکے ریڑھی والوں کو متبادل جگہ فراہم کی جائے،کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید

ساہیوال (بیوروچیف)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ساہیوال شہر کیلئے لینڈ فل سائٹ کی تعمیر فوری شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ لینڈفل سائٹ سے کارپوریشن کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوگا اور شہر سے روزانہ پیداہونے والا کوڑاکرکٹ جدید طریقوں سے ٹھکانے لگایا جا سکے گا۔ انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے عارف والا روڈ اور پاک پتن روڈ سے بھی تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریڑھی والوں کو متبادل جگہ ضرور فراہم کی جائے تاکہ ان کا روزگار متاثر نہ ہو۔ انہوں نے دن کے اوقات میں دیپالپور بازار میں بڑی گاڑیوں خصوصاً لوڈرز کا داخلہ بند کرنے کے لئے بازار کے دونوں اطراف بیئررز لگانے کی ہدایت کی۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ دھند کے موقع پر شہر کے تمام بڑے چوکوں میں لگائی گئی لائٹس کو فنگشنل رکیں تاکہ عوام کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے رکے ہوئے کاموں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیداروں کیخلاف کاروائی کرنیکی بھی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں