56

تجاوزات کی آڑ میں کسی کو بازار بند نہیں کرنے دیا جائیگا،میاں طاہر جمیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت 8 بازاروں کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کیلئے اربوں روپے منظور ہو چکے ہیں’ انشاء اللہ 8 بازار سٹیٹ آف دی آرٹ بنائے جا رہے ہیں’ ٹھیلے والوں کو حکومت پنجاب کی طرف سے جگہ لے کر دیں گے’ کسی کا بھی روزگار بند نہیں کریں گے’ ان خیالات کا اظہار میاں طاہر جمیل نے انجمن تاجران ریگل روڈ کے عہدیداروں کی دعوت پر وزٹ کے موقع پر کیا’ میاں طاہر جمیل کے ریگل روڈ پرپہنچنے پر انہیں پھولوں کے ہار اور گلدستے پیش کئے گئے اور ان کا پرتپاک استقبال کیا ہے’ اس موقع پر کوارڈی نیٹر ملک شہزاد’ انجمن تاجران ریگل روڈ کے صدر رانا شہباز’ ملک کاشی’بھوانہ بازار کے صدر حافظ یحییٰ طارق’ رانا فقیر حسین’ میاں ابوبکر پومی’ملک عدنان کے علاوہ ریگل روڈ کے تاجروں کی کثیر تعداد موجود تھی’ اس موقع پر میاںطاہر جمیل نے ریگل روڈ کے تاجروں کے مسائل سنے اور انہیں حل کروانی کی یقین دہانی کروائی’ میاں طاہر جمیل نے کہا کہ انجمن تاجران ریگل روڈ’ ڈگلسپورہ’ ارشد مارکیٹ’ نیوانارکلی’ بھوانہ بازار کے تاجروں نے جو عزت اور محبت مجھے اور میرے صاحبزادے بیرسٹر آفاق طاہر ایڈووکیٹ کو دی ہے’ میں اسے ہمیشہ یاد رکھوں گا’ میرے دفتر کے دروازے آپ سب کیلئے ہر وقت کھلے ہیں’ میری خدمات آپ کیلئے 24 گھنٹے حاضر ہیں’ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کی آڑ میں کسی کو بازار بند نہیں کرنے دیا جائے گا’ اپنی حدود میں رہ کر اپنا کام کریں کوئی سرکاری افسر آپ کو کوئی تنگ نہیں کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں