تجاوزات کی بھرمار سے بازار سکڑ گئے ،کمالیہ میں رش کے باعث خواتین کا پیدل چلنا بھی محال

کمالیہ(نامہ نگار)شہر کے مختلف بازاروں میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار نے شہریوں خصوصا خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے پیدل چلنا انتہائی دشوا ر بنا دیا ہے ۔ دکانداروں کی جانب سے دکانوں کے باہر سامان سجا کر فٹ پاتھوں اور سڑکوں کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا گیا ہے جس کے باعث بازاروں میں آمد و رفت شدید متاثر ہو رہی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اقبال بازار، کچہری روڈ، چیچہ وطنی روڈ اور دیگر مصروف تجارتی مراکز میں فٹ پاتھ اور سڑکیں تجاوزات کے باعث سکڑ چکی ہیں جس سے پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ خواتین اور بچوں کو خریداری کے دوران بار بار ٹریفک کے درمیان سے گزرنا پڑتا ہے جس سے حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔مقامی شہریوں کے مطابق کئی مقامات پر ریڑھی بانوں اور عارضی اسٹالز نے سڑکوں کے بڑے حصے پر قبضہ جما رکھا ہے جبکہ بعض دکانداروں نے مستقل طور پر دکانوں کے باہر سامان رکھ کر راستے تنگ کر دیے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث ٹریفک جام معمول بن چکا ہے اور شہریوں کو روزمرہ امور نمٹانے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماضی میں بھی شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کیے گئے اور دکانداروں کو متعدد بار وارننگ نوٹس جاری کیے گئے تھے تاکہ بازاروں میں شہریوں کی آزادانہ آمد و رفت ممکن بنائی جا سکے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کمالیہ کے بازاروں میں بڑھتی ہوئی ناجائز تجاوزات کا فوری نوٹس لیا جائے اور بلا امتیاز کارروائی کرتے ہوئے فٹ پاتھ اور سڑکیں خالی کروائی جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں