تحسین اعوان کے گرد گھیرا تنگ ‘گرفتاری کیلئے چھاپے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد سے پکڑے جانیوالے عالمی مالیاتی فراڈ کے سب سے بڑے نیٹ ورک کے سرغنہ ملک تحسین اعوان کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا۔ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے ملک تحسین اعوان کا نام پرووژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ میں شامل کرنے کی درخواست کر دی۔ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہے، این سی سی آئی اے کا مراسلہ ‘ پی این آئی ایل میں نام شامل ہونے کے بعد ملزم بیرون ملک فرار نہیں ہو سکے گا۔تاہم بعض ذرائع یہ بھی دعویٰ کر رہے ہیں کہ ملک تحسین اعوان کو حراست میں لے لیا گیا ہے لیکن اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ملک تحسین اعوان کے نیٹ ورک میں شامل اس کے متعدد قریبی ساتھیوں کو بھی پکڑا جا رہا ہے۔ تفصیل کے مطابق مختلف شہریوں کی طرف سے نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کو درخواستیں موصول ہوئیں تھیں کہ مرد وخواتین کا گروہ بذریعہ واٹس ایپ’ آن لائن انویسٹمنٹ اور دیگر میسجز بھیج کر سادہ لوح لوگوں کو مختلف آن لائن’ یوٹیوب چینلز’ ٹک ٹاک کے لنک سینڈ کر کے ان کو سبسکرائب کرنے اور ریسرچ کرنے کا ٹاسک دیکر شروع میں کچھ پرافٹ دیتا ہے اور مزید پرافٹ کیلئے آن لائن ورک کا جھانسہ دیکر مختلف کمپنیوں کے نمائندے ظاہر کرتے ہیں اور آن لائن انویسٹمنٹ کی مد میں ایزی پیسہ’ جاز کیش اور بینک اکائونٹس میں ٹرانسفر کروا کر ہتھیا لیتا ہے۔ شہریوں کی جانب سے مختلف شکایات پر نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے انکوائری عمل میں لائی گئی تو گزشتہ روز این سی سی آئی اے نے حساس ادارے کے ہمراہ سانگلہ ہل روڈ شاہکوٹ کے نواح میں 54 رب سریالی میں سابق چیئرمین فیسکو ملک تحسین اعوان کے ڈیرہ پر چھاپہ مارا تو جہاں پر کال سینٹر کے نام پر ایک بہت بڑا نیٹ ورک کام کر رہا تھا۔ جہاں سے عوام کو دھوکہ دیکر بھاری رقوم بٹوری جا رہی تھیں، جس پر سائبر کرائم ونگ فیصل آباد اور حساس اداروں نے چھاپہ مار کر 149افراد کو حراست میں لیا، جن میں پاکستانی اور غیر ملکی مرد وخواتین شامل تھے، گرفتار ہونے والوں میں 131مرد اور 18خواتین شامل ہیں۔ ان میں 73غیر ملکی شہریوں میں چین کے 44مرد’ 4خواتین’ نائیجریا کی 5خواتین’ 3مرد’ فلپائن کی 3خواتین اور ایک مرد’ سری لنکا کی ایک خاتون’ ایک مرد’ بنگلہ دیش کی ایک خاتون’ 5مرد’ زمبابوے کی ایک خاتون’ میانمار کی 2خواتین’ پاکستان کی 2خواتین اور 76مرد اس عالمی فراڈ نیٹ ورک سے پکڑے گئے۔ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن نے عالمی مالیاتی فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف مجموعی طور پر 7مقدمات (ایف آئی آر نمبر 141 تا 147) درج کئے گئے ہیں۔ ساتوں مقدمات میں سابق چیئرمین فیسکو ملک تحسین اعوان کا مرکزی کردار بیان کیا گیا ہے اور سائبر کرائم کی مختلف خلاف ورزیوں کے الزام اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر سائبر ٹولز’ ایکسچینج’ متعدد انسٹالیشنز ہارڈویئر’ لیپ ٹاپس’ پی سیریز پر مشتمل ایک پورا کنٹینر قبضہ میں لیا گیا۔ اس کیس کو سائبر کرائم کے خلاف پاکستان کی تاریخ میں بڑی کامیابی قرار دیا گیا ہے جس میں ڈیڑھ سو کے قریب ملکی وغیر ملکی مرد وخواتین کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں