تحصیلدار دفتر سے ملحقہ کمرے کی چھت گرنے سے پراپرٹی ریکارڈ ضائع ہونے لگا

جڑانوالہ(صابر گھمن سے) 100سالہ خستہ حال کمرے کی چھت گرنے سے اربوں روپے کی پراپرٹیوں کا ریکارڈ کھلے سامان تلے پڑا رہنے سے ضائع ہونے لگا،ریکارڈ کو فی الفور محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے، عوامی سماجی حلقوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب،کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ احاطہ کچہری میں تحصیلدار دفتر سے ملحقہ 100 سالہ خستہ حال بلڈنگ کے کمروں کی چھتوں اور دیواروں میں دراڑیں پڑنے سے ایک طرف کمروں میں بیٹھ کر ڈیوٹی سرانجام دینے والے عملے و سٹاف کے سروں پر موت کے سائے منڈلانے لگے ہیں تو دوسری جانب خستہ حال کمرے کی چھت گرنے سے اندر پڑا ہوا اربوں روپے کی پراپرٹیوں کا ریکارڈ ضائع ہونے لگا ہے بغیر چھت کے کمرے میں پڑے ریکارڈ کو کیڑے مکوڑے اپنی خوراک بنا رہے ہیں اور متعلقہ افسران کی مبینہ چشم پوشی کے باعث شہریوں کی ملکیتی اربوں روپے کی پراپرٹیوں کا ریکارڈ ضائع ہونے کی صورت میں آنیوالے وقت میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے خستہ حال بغیر چھت کے کمرے میں کھلے آسمان تلے پڑا ہوا اربوں روپے کا ریکارڈ خدانحواستہ آنیوالے وقت میں قتل و غارت لڑائی جھگڑوں کا بھی سبب بن سکتا ہے تحصیلدار دفتر سے ملحقہ کمرے کی چھت گرنے اور اربوں روپے کی پراپرٹیوں کا ریکارڈ مبینہ طور پر ضائع ہونا متعلقہ افسران کی مجرمانہ غفلت کو عیاں کرتا ہے عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس اہم مسئلے سے مسلسل چشم پوشی نے کارکردگی کے بلند و بانگ دعووں کی نفی کر دی ہے عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف،کمشنر، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورائیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ صورتحال کا فی الفور نہ صرف نوٹس لیا جائے بلکہ بغیر چھت کے کمرے میں پڑے اربوں روپے کی پراپرٹیوں کے ریکارڈ کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں