جڑانوالہ(صابر گھمن سے) آبادی کے لحاظ سے پنجاب کی سب سے بڑی تحصیل جڑانوالہ کے واحد سرکاری ہسپتال ٹی ایچ کیو کو ڈی ایچ کیو کا درجہ دیا جائے،عوامی سماجی حلقوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ،تفصیلات کے مطابق پنجاب کی سب سے بڑی تحصیل جڑانوالہ کے واحد سرکاری ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹرز پیرا میڈیکل اسٹاف فنڈز ادویات کی کمی کے باعث شہریوں کو مفت علاج معالجہ ادویات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، آبادی کے لحاظ سے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں سہولیات کا فقدان مفت علاج معالجہ کی فراہمی میں رکاوٹ کا سبب ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹی ایچ کیو ہسپتال میں روزانہ 3500سے 4ہزار کے قریب مریض علاج معالجہ کی غرض سے آتے ہیں مگر ڈاکٹر و پیرا میڈیکل اسٹاف فنڈز ادویات کی کمی کے باعث علاج معالجہ اور مفت ادویات کی فراہمی ایک سہانا خواب بنتا جا رہا ہے۔ عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ سابق ادوار میں ٹی ایچ کیو ہسپتال کی توسیع کیلئے 60کروڑ روپے فنڈز جاری کیا گیا تھا مگر پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کی آپس کی سیاسی عداوت کے باعث نئی بلڈنگ کی تعمیر کیلئے منصوبہ شروع نہ ہو سکا۔ عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کی سب سے بڑی تحصیل جڑانوالہ کے واحد ٹی ایچ کیو ہسپتال کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کا درجہ اور ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کو فی الفور پورا کیا جائے تاکہ حقیقی معنوں میں مفت علاج معالجہ اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
3