ترقیاتی اسکیمیں مقررہ وقت میں مکمل کی جائیں،ایم ڈی واسا ثاقب رضا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ واضح کیا ہے کہ سیٹلڈ سیوریج لائنز کو فوری طور پر مرمت کیا جائے تاکہ شہریوں کے سیوریج مسائل حل ہو سکیں۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کی معیاری سروسز ڈیلیوری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں جس کے تحت شہر بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کاموں کی رفتار کو فل سپیڈ کر دیا گیا ہے اس لئے ترقیاتی سکیموں کو طے کردہ ٹائم فریم کے مطابق مکمل کیا جائے تا کہ آئندہ مون سون سیزن میں ان ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کے باعث شہریوں کو نکاسی آب میں مکمل ریلیف حاصل ہو سکے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ ایسی سیوریج لائنیں جو سیٹلڈ ہیں ان کو فوری طور پر مرمت کیا جائے تاکہ متعلقہ علاقہ کے عوام کو اوور فلو کا سامنا نہ کرنا پڑے اس ضمن میں دو شفٹوں میں کام کرنا پڑے تو کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے آپریشنز ٹیمیں متحرک اور مستعد ہیں اور طے کردہ ٹائم لائن کے مطابق شکایات کا ازالہ کیا جانا چاہئے اور اس ضمن میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں