ترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل کیجائیں

چنیوٹ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے واضح کیا ہے کہ ضلع میں جاری عوامی بہبود کی تمام ترقیاتی سکیمیں مقررہ ٹائم فریم کے اندر مکمل کی جائیں، کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویلپمنٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد احمر علی اور واثق عباس ہرل، ایکسین ہائی ویز محمد احمد، ایکسین بلڈنگز محمد عدنان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر، سی ای او ایجوکیشن اظہر سہیل نیازی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سعید احمد سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی زیر صدارت ایکسیڈنٹل ریویو کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں سیکرٹری آر ٹی اے، ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں ٹریفک مسائل اور حادثات کی وجوہات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اہم مقامات پر مزید ٹریفک سگنلز نصب کیے جائیں اور حادثات کے ہاٹ اسپاٹس پر یوٹرن بنائے جائیں تاکہ حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے سڑکوں کی مرمت و بحالی، گاڑیوں پر ریفلیکٹر لگوانے، پیٹرول پمپس اور ملز و فیکٹریوں کے باہر سڑک کنارے لائٹس اور سائن بورڈز نصب کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ناگزیر ہے کیونکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں