ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، کمشنر سرگودھا

سرگودہا( بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت آج ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں اضلاع کے ہیلتھ اور کالجز سیکٹر کی جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا کے نئے بلاک کی تعمیر سے متعلق پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایکسیئن بلڈنگ امانت علی، چاروں اضلاع کے سی ای او ہیلتھ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ افسران نے بتایا کہ ہیلتھ سیکٹر میں بی ایچ یوز، آر ای سی اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی مرمت، بحالی اور فیز ٹو اسکیموں پر اب تک کی پیش رفت اطمینان بخش ہے، جبکہ فیز تھری کی مجوزہ اسکیموں پر سفارشات اور تقاضے بھی پیش کئے گئے۔ کالجز سیکٹر میں جاری ترقیاتی کاموں، کلاس روم بلاکس، لیبارٹریز اور سہولیات کے اضافہ سے متعلق پیش رفت بھی تفصیل سے بیان کی گئی۔کمشنر جہانزیب اعوان نے تمام جاری منصوبوں پر پیش رفت کی بروقت تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سے دونوں سیکٹرز کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پر طلب کر لی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور تاخیر کی صورت میں ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔ کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے تاکہ عوامی فلاح کے یہ منصوبے جلد اور بہتر معیار کے ساتھ مکمل ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرگودہا ڈویژن میں حکومت پنجاب کے ترقیاتی ویژن کے مطابق تعلیمی اور صحت کے شعبوں میں واضح بہتری لانا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے تمام محکمے مؤثر انداز میں کام جاری رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں