ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکوں میں لاکھوں روپے خورد برد کرنے کا انکشاف

جڑانوالہ (نامہ نگار) میونسپل کمیٹی میں افسران کی ناک تلے پول کے ذریعے 1کروڑ 30لاکھ روپے کے ٹھیکہ جات و ترقیاتی منصوبوں کیلئے ٹھیکیداروں میں مبینہ طور پر لاکھوں روپے بنڈر بانٹ کے معاملہ کی اعلی سطحی تحقیقات اور مذکورہ ٹھیکے کینسل کروانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میونسپل کمیٹی میں افسران کی زیرِ نگرانی 1کروڑ 30لاکھ روپے ترقیاتی منصوبوں جن میں پارکس کی خوبصورتی و بہتری کیلئے 30لاکھ روپے،سیوریج لائن کیلئے 40لاکھ، فلٹریشن پلانٹ کیلئے 15لاکھ، ڈسپوزل اور مشینری کی مرمت کیلئے 25لاکھ روپے،میونسپل کمیٹی کیلئے 40لاکھ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے ٹینڈر طلب کئے گئے تھے مذکورہ ٹھیکہ جات کیلئے ٹھیکیداروں کی جانب سے لائن لائن ویب سائٹ پر اپلائی کیا گیا تھا مگر میونسپل کمیٹی کے افسران کی مبینہ طور پر ملی بھگت سے میرٹ پر ٹھیکہ جات دینے کی بجائے پول کے ذریعے ٹھیکیداروں میں لاکھوں روپے کی بنڈر بانٹ کی گئی جس پر پاکستان مسلم لیگ ن کے سٹی صدر ملک شبیر حسین و دیگران نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی میں ٹھیکہ جات کی مد میں ہونیوالی مبینہ کرپشن و سرکاری خزانے کی بنڈر بانٹ بارے بہت جلد پریس کانفرنس کی جائے گی جس میں میونسپل کمیٹی میں کرپشن میں ملوث افراد کو بے نقاب کیا جائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ملک شبیر حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب،کمشنر اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ پول کے ذریعے ٹھیکیداروں میں مبینہ طور پر لاکھوں روپے بانٹ کر 1کروڑ 30لاکھ روپے ٹھیکہ جات کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی انکوائری کی جائے اور کرپشن میں ملوث افراد اور ماتحت افسران کیخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لا کر مذکورہ ٹھیکہ جات کو کینسل کروا کر دوبارہ میرٹ پر ٹھیکہ جات دئیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں