ترقیاتی کاموں میں کرپشن کے مرتکب افسران ،ٹھیکیداران کا محاسبہ ہوگا،کمشنر سرگودھا

سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہیلتھ سیکٹر کی جاری ترقیاتی سکیموں پر اب تک کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنرنے بعض سکیموں میں کنٹریکٹرز کی مبینہ کرپشن اور ناقص میٹریل کے استمال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا کہ عوام کے پیسے امانت ہیں، ان کی ایک ایک پائی کی حفاظت ہمارافرض ہے۔ جو بھی افسر یا ٹھیکیدار غفلت یا کرپشن کا مرتکب پایا گیا اس کے خلاف ضابطہ کی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کا اسکوپ ورک جانچیں۔ جہاں کہیں بھی کرپشن یا غفلت کے شواہد ملیں، ان کی فوری نشاندہی کر کے ریفرنس اینٹی کرپشن سمیت متعلقہ اداروں کو بھجوایا جائے۔ اجلاس میں چاروں اضلاع میں جاری ہیلتھ ڈویلپمنٹ سکیموں کی بھی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ بتایا گیا کہ بی ایچ یوز، آر ایچ سیز اور سرکاری ہسپتالوں کی ریمپنگ کے فیز ون کا ریویو مکمل ہو چکا ہے جبکہ فیز ٹو پر تیزی سے کام جاری ہے۔ متعدد منصوبے تکمیل کے قریب ہیں اور باقی سکیموں پر تعمیراتی سرگرمیاں مقررہ ٹائم لائن کے مطابق آگے بڑھ رہی ہیں۔ کمشنر نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر، ناقص معیار یا فنڈز کا ضیاع ناقابلِ برداشت ہے۔تعمیراتی اور ہیلتھ ڈھانچے میں شفافیت یقینی بنائی جائے، عوامی اعتماد ٹوٹنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سکیموں کا سخت آڈٹ کیا جائے، ورک آرڈرز کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اورجاری منصوبوں کی کوالٹی پر ہر وقت کڑی نظر رکھی جائے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن ،ڈائریکٹر ہیلتھ رانا محمد ریاض، ایس سی بلڈنگ امانت علی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین کے علاوہ چاروں اضلاع کے سی ای او ہیلتھ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور ایکسیئن بلڈنگ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں