تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے،ڈپٹی کمشنر ٹوبہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت یونیورسٹی آف کمالیہ میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ایک جامع موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ مشق کا مقصد تعلیمی اداروں میں ایمرجنسی تیاریوں کو موثر بنانا اور مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط کرنا تھا۔موک ایکسرسائز میں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ، اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی اور اے ایس پی کمالیہ علی احمد نے شرکت کی۔ ریسکیو 1122، پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں نے عملی مشق میں حصہ لیتے ہوئے ہنگامی صورتحال میں بروقت ردعمل کا مظاہرہ کیا۔مشق کے دوران ایمرجنسی رسپانس، زخمیوں کے محفوظ انخلا، ابتدائی طبی امداد اور آگ بجھانے کی عملی کارروائی کا مظاہرہ کیا گیا۔ مختلف ٹیموں نے پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی تعاون کا عملی ثبوت پیش کیا۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے انتظامات اور اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت اور منظم ردعمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اداروں کے مابین موثر رابطہ اور پیشگی تیاری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات اور ایمرجنسی تیاریوں کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں