20

تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے نہم نتائج کا اعلان ‘ 48فیصد طلبہ فیل

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان میٹرک کلاس نہم سالانہ 2023 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کی سادہ و پروقار تقریب کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعید کی زیرصدارت کارپوریشن آفس فیصل آباد میں منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن’ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی’پی آر او بورڈ رضوان احمد جوئیہ’ پی ایس ٹو چیئرپرسن احسان احمد’ آفتاب احمداور ساجد حسین نقوی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10 بجے دن چیئرپرسن بورڈ سلوت سعید نے بٹن دبا کر رزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ bisefsd.edu.pk www.پر بھی اپ لوڈ ہو گیا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ امتحان میٹرک کلاس نہم سالانہ 2023 میں کل 197506طلبا وطالبات شریک ہوئے جن میں سے 102934پاس ہوئے اور یوں کامیابی کا تناسب 52.12فیصد رہا انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد’ جھنگ’ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع کے طلبا وطالبات کیلئے 578 الگ الگ امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے تاکہ طلبا وطالبات کوپیپر دینے کیلئے دور دراز علاقوں کے سنٹروں میں نہ جانا پڑے بلکہ ان کے اداروں کے قریب ہی واقع امتحانی مراکز میں انہیں یہ سہولت میسر رہے۔ اس موقع پر کمشنر و چیئرپرسن بورڈ سلوت سعید نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی بی سی سی کے وضع کردہ سخت ایس او پیز کے مطابق مارکنگ کا عمل انتہائی احتیاط ‘ محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ مکمل کیا گیا تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم و زیادتی نہ ہواور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے کیونکہ یہی بچے پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں جو انشا اللہ تعالی کل کو وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالیں گے چیئرپرسن بورڈ نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کو یقین ہے کہ نتائج الحمداللہ شفاف اور غلطیوں سے مبرا ہیں تاہم طلبا وطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی حاصل ہے ایسے بچے جو اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق تذبذب اور غیریقینی صورتحال کا شکار ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد 15 دن کے اندر ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں ایسے طلبا وطالبات جن کی آنسر شیٹ میں کوئی غلطی موجودہوئی تو نہ صرف ان کا تصحیح شدہ رزلٹ فوری جاری کیا جائے گا بلکہ انہیں ری چیکنگ کی ادا کردہ فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔ اس موقع پر چیئرپرسن بورڈ نے بروقت اور غلطیوں سے پاک رزلٹ تیار کرنے پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن ‘ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی اور سسٹم اینالسٹ محمد طارق سمیت دیگر تمام متعلقہ افسران و ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ بلاشبہ رزلٹ کا بروقت تیار ہونابورڈ افسران و ملازمین کی محنت اور شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ علاوہ ازیں ترجمان بورڈ رضوان احمد جوئیہ کے مطابق اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبر0412517710 پر رابطہ کر سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں