تعلیمی بورڈ کے کمپیوٹر آپریٹر پر حملہ کرنیوالے اسسٹنٹ کیخلاف مقدمہ درج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے آفس میں کمپیوٹر آپریٹر پر حملہ کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں ایمپلائز ایسوسی ایشن کے سابق صدر واسسٹنٹ بورڈ عرفان شوکت کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے کمپیوٹر آپریٹر محمد طاہر نے تھانہ صدر پولیس کو دی جانیوالی درخواست میں بتایا کہ وہ جے سی او (JCO) کمپیوٹر برانچ میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا کہ وقوعہ کے روز اسسٹنٹ بورڈ عرفان شوکت نے کمرہ میں داخل ہوتے ہی تلخ کلامی شروع کر دی تو موقع پر موجود دیگر ساتھیوں نے معاملہ رفع دفع کرا دیا تو کچھ دیر بعد ملزم عرفان شوکت دوبارہ اس کے پاس آیا اور اپنی جراب میں چھپایا ہوا چھرا نکال کر اس پر حملہ کر دیا تو کمپیوٹر روم کے ساتھیوں احمد علی’ کاشف علی’ سپروائزر عبداﷲ ہارون اور اسسٹنٹ محمد نعیم نے بڑی مشکل سے عرفان شوکت کو قابو کر کے بندہ کی جان بخشی کروائی۔ تو ملزم عرفان شوکت مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا اور قبل ازیں بھی دفتر میں مختلف ساتھیوں سے بدتمیزی اور گالم گلوچ بھی کرتا رہا ہے جس کی باقاعدہ ایڈمن برانچ کو درخواستیں دی لیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہ کی جس کی وجہ سے بورڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے سابق صدر واسسٹنٹ بورڈ نے دفتری اوقات میں اس پر قاتلانہ حملہ کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جس پر تھانہ صدر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں